فیصل کریم کنڈی 35

فیصل کریم کنڈی کی یومِ دستورِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ دستورِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1973 کا آئین ملک کی جمہوری بنیادوں، وفاقی وحدت اور عوامی اختیار کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے یومِ دستورِ پاکستان پر اپنے پیغام میں کہاکہ 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والا آئین ایک تاریخی سنگِ میل ہے جس نے قوم کو متفقہ لائحہ عمل فراہم کیا۔ گورنر نے آئین کے خالق قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو متفقہ آئین دینا ان کا عظیم کارنامہ تھا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 1973 کا آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ ایک زندہ عہد ہے جو انصاف، مساوات اور قانون کی بالادستی کے اصولوں پر قوم کو متحد رکھتا ہے۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لیے جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی جدوجہد نے آئینی اداروں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کو اس کی اصل روح کے مطابق بحال کیا گیا اور پارلیمنٹ کو مضبوط بنایا گیا۔

انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ قائدِ عوام اور بی بی شہید کے آئینی وڑن کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں اور خصوصاً نوجوان نسل کو جمہوریت، اتحاد اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دن پوری قوم کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ آئین کی حفاظت اور پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا اور اس پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہی دستور پاکستان کے مشترکہ سیاسی و سماجی مستقبل کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں