ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ اداکار اکشے کمار، پریش راول اور سنیل شیٹی کی آئندہ ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ہیرا پھیری 3 کیلیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق ہیرا پھیری 3 ایک بار پھر سرخیوں میں ہے اور اس بار وجہ فلم سے جڑا ایک نیا تنازع ہے، مدراس ہائیکورٹ نے پروڈیوسر فیروز نادیاد والا سے فلم کے حوالے سے جواب طلب کر لیا ہے۔پروڈکشن ہاس سیون آرٹس انٹرنیشنل نے عدالت میں دعوی کیا ہے کہ ہیرا پھیری فرنچائز کے اصل حقوق ان کے پاس ہیں۔ واضح رہے کہ فلم ہیرا پھیری 1989 کی ملیالم فلم رام جی را اسپیکنگ کا ہندی ری میک ہے۔
پروڈکشن ہاس نے عدالت میں پٹیشن دائر کی جس میں مقف اختیار کیا گیا کہ فیروز نادیاد والا کو صرف ایک ہندی ری میک بنانے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن انہوں نے اس کے بعد پھر ہیرا پھیری (2006) بنائی اور اب تیسری فلم کے حقوق اداکار اکشے کمار کے پروڈکشن ہاس کو فروخت کر دیے ہیں۔سیون آرٹس انٹرنیشنل کے ایم ڈی جی پی وجے کمار نے کہا کہ میں نے 2022 میں رام جی را اسپیکنگ کے اصل پروڈیوسرز آدتیہ فلمز سے ہیرا پھیری فرنچائز کے تمام حقوق خرید لیے تھے،
انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ فیروز نادیاد والا کو صرف ایک ہندی فلم بنانے کا حق دیا گیا تھا، لیکن انہوں نے دوسرا ورژن بھی بنا ڈالا جو 2006 میں ریلیز ہوا، ان کے پاس اس فلم کا سیکوئل، پریکوئل بنانے یا اس کے کرداروں کو استعمال کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔









