ریاض (رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب فلسطینیوں کی تکالیف کو کم کرنے، ان کی مشکلات کے خاتمے اور اس امن کے حصول کے لیے جس کے وہ حقدار ہیں، ایک ارب ڈالر تک کا مالی تعاون فراہم کرے گی۔یہ بیانات پیس کونسل کے پہلے اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت کے بعد سامنے آئے ہیں۔ نئی امداد جس کا سعودی عرب نے عہد کیا ہے ریاض کے اس راسخ موقف کے عین مطابق ہے جس کے تحت وہ دارالحکومت مشرقی قدس کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے انتھک کوششوں کی تاکید کرتا ہے۔
یہ امداد غزہ کے متاثرین کے لیے مسلسل انسانی امداد اور سامان کی فراہمی کا تسلسل ہے۔ اسی تناظر میں سعودی عہدیدار نے امریکہ میں پیس کونسل کے پہلے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ ریاض مشرق وسطی میں مستقل اور منصفانہ امن کے لیے کام کر رہا ہے۔ عادل الجبیر نے یاد دلایا کہ سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ عرب امن اقدام امن کی راہ کے طور پر شروع ہوا تھا۔









