لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان سےدنیا بھر کے لیے مقامی و غیرملکی ایئرلائنز کے آپریشنز کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے کاروباری شعبہ اور معیشت کے لیے بہت اچھی خبر قرار دیا ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کاروباری برادری نے طویل عرصہ کے بعد اچھی خبر سنی کیونکہ کروناوائرس نے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو منجمد کرکے رکھ دیا تھا، اسی وجہ سے رواں سال مارچ میں فلائٹ آپریشنز بھی معطل کردئیے گئے تھے تاکہ کروناوائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فلائٹ آپریشنز شروع ہونے سے پاکستان کی بیرونی تجارت کو تقویت ملنے کے ساتھ سیاحت کی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اب برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات شروع کرنے چاہئیں کیونکہ کروناوائرس سے تباہی کے بعد دنیا بھر کی معاشیات معمول پر آرہی ہیں، ترقی پذیر ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان کو برآمدات میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ برآمدات زرمبادلہ کے حصول اور روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں۔
لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے مقامی و غیرملکی ایئرلائنز پر زورد یا کہ وہ کروناوائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بنائے گئے تمام قواعد و ضوابط اور حفاظتی اقدامات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنائیں۔