فضل الرحمان

فضل الرحمان کا نواز، زرداری سے رابطہ، سینیٹ الیکشن کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) سربراہ فضل الرحمان نے قائد (ن) لیگ میاں نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کے قائدین سے لانگ مارچ پر بات چیت کی۔

تینوں رہنماﺅں نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے خلاف متعلقہ فورمز سے رجوع کے حوالے سے بھی گفتگو کی، ٹیلی فونک رابطے میں تینوں قائدین کی جانب سے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں شکست کی وجوہات تک پہنچنے پر اتفاق کیا جبکہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی تیاریوں اور پی ڈی ایم کے مستقبل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،

ٹیلی فونک گفتگو میں فضل الرحمان نے دیگر قائدین سے کہا کہ حکومت کے خلاف اب استعفوں کے بغیر لانگ مارچ فائدہ مند نہیں ہو گا، لہٰذا تمام جماعتیں لانگ مارچ سے قبل استعفے پیش کر دیں، ٹیلیفونک رابطے میں چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی شکست کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے، دیگر متعلقہ فورمز میں جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا