صدرفریال تالپور 34

فریال تالپورکا ایسٹر کے موقع پر پاکستان کی مسیحی برادری کو مبارکبادپیش اوراپنی نیک تمنائوں کا اظہار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدرفریال تالپور نے ایسٹر کے موقع پر پاکستان کی مسیحی برادری کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔

اتوارکو جاری اپنے خصوصی پیغام میں فریال تالپور نے کہا کہ ایسٹر ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ اندھیروں پر روشنی اور مایوسی پر امید کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر کے پیغام میں پنہاں یہی اقدار پاکستان کی جمہوری جدوجہد اور انصاف و مساوات کے سفر کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت افروز قیادت اور بینظیر بھٹو کی بے مثال جرات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھی ہے۔فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی مذہبی ہم آہنگی، سماجی انصاف اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کرتی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آہنگی، سماجی انصاف اور تمام شہریوں کے یکساں حقوق کی ضمانت آئین پاکستان 1973 میں دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جمہوری تسلسل اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے ترقی پسند وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے شمولیت، برداشت اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری کی ملک کی تعمیر و ترقی میں خدمات قابلِ فخر ہیں، خصوصا تعلیم، صحت اور عوامی خدمت کے شعبوں میں ان کا کردار نہایت قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے سماجی ڈھانچے کا ایک معزز اور اہم حصہ ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جہاں ہر شہری بلاامتیاز مذہب عزت، مساوات اور آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکے۔آخر میں انہوں نے پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں سے اپیل کی کہ وہ ایسٹر کے موقع پر اپنی عبادات میں پاکستان کے لیے دیرپا امن، اتحاد اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں