پیرس(آن لائن) فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کا استعفیٰ منظور کرلیا۔فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ اور ان کی کابینہ کے اراکین نے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے استعفیٰ صدر کو ارسال کیا۔
صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کی جانب سے بھیجے گئے استعفوں کو فوری طور پر منظور کرلیا۔
صدارتی محل کی جانب سے جاری مختصر بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ کے استعفے کو میکرون نے منظور کرلیا۔
صدارتی اعلامیے میں وزیراعظم یا کابینہ کے مستعفی ہونے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ میکرون نے نئے وزیراعظم کے لیے 55 سالہ سول سرونٹ ’جین کاسٹک‘ کا نام تجویز کیا اور ایڈورڈ فلپ کو ہدایت کی کہ نئی حکومت کی تشکیل تک وہ اپنے حکومتی امور انجام دیتے رہیں۔