لاہور (رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ ہے،اس جاں گداز واقعہ میں شہید ہونے والے 20سے زائد افراد اور 40سے زائد زخمیوں کی اطلاع افسوسناک ہے۔
واقعہ بلوچستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کا تسلسل ہے۔ اللہ تعالی سے جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کے لئے دعاگو ہوں۔
زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کرتا ہوں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ان دہشتگردوں نے نہتے انسانوں بشمول خواتین ، بچے اور بوڑھوں کو ہدف بنایا ہے، اس غیر انسانی فعل کے مرتکب حیوان کسی طور بچ نہیں پائیں گے۔ پاکستان سے دہشتگردی کے ناسور کو ایک مرتبہ پھر جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ دہشتگردی کے خلاف ہمارا موقف اور عزم صمیم غیر متزلزل ہے۔