کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہاہے کہ عیدالاضحی پر شہر قائد میں ایک لاکھ 44ہزار ٹن جبکہ لاہور میں صرف 46ہزار ٹن کچرا اور آلائشیں اٹھائی گئیں، جتنا بڑا لاہور ہے اتنا تو ہمارا گلستان جوہر ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا شہر کے 7اضلاع میں 99 کلیکشن پوائنٹس اور 3لینڈ فل سائٹس تھیں جنہیں یومیہ بنیادوں پر کلیئر کیا گیا اور آج ایک لاکھ44ہزار ٹن سے زائد ویسٹ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا۔میئر کراچی نے کہا کہ تمام کلیکشن پوائنٹس کو کلورین سے صاف بھی کیا گیا، بلدیاتی عملے نے گرمی کے باوجود بطور ہیرو کام کیا۔
مرتضی وہاب نے بتایا کہ بلدیہ عظمی کراچی نے مسائل پر قابو پانا شروع کر دیا ہے مگر ماضی کے 45سال کا بگاڑ میں فورا ختم نہیں کر سکتا، یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی فنڈز کی رقم 5لاکھ روپے سے بڑھا کر 12لاکھ کر دی ہے، کے فورکے لیے وفاق سے گزارش کروں گا کہ جلدی مسئلے کو حل کریں۔انکا مزید کہنا تھا ضلع وسطی میں عید کے دنوں میں یونیوسٹی ریزرویئر میں بڑی لیکیج کے باعث پانی کی کمی کا سامنا رہا، 36گھنٹوں میں لائن کی مرمت کر دیں گے، اگر عید کے دنوں میں لائن بند کرتے تو زیادہ مسئلہ ہوتا۔
میئر کراچی نے کہا کہ 3دنوں سے وزیر اعلی صاحبہ اور ان کی وزیر اطلاعات پریس کانفرنس کر رہی ہیں، ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم لوگ ناکام ہیں اور ہم بلدیاتی محکموں کے حق میں نہیں ہیں مگر ہمارے ہاں وزیر اعلی نہیں بلدیاتی نمائندے کام کر رہے تھے، ہمارے ناقدین نے بھی ہماری تعریف کی، جتنا بڑا لاہور شہر ہے اس سے بڑا تو ہمارا گلستان جوہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سندھ بھر میں پرانی اسکیموں کو مکمل کرنے کے لیے رقم فراہم کی ہے، ہمیں مسائل کا سامنا ہوتا ہے لیکن انہیں حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔