محمد جاوید قصوری 30

عوام معاشی بدحالی کے باعث حقیقی خوشیوں سے محروم ہو چکے ہیں ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)منصورہ این سی 160 کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا،پروگرام میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں رسہ کشی اور بوری دوڑ خصوصی طور پر شرکاء کی توجہ کا مرکز رہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ”ایک سوال، ایک انعام”کے عنوان سے معلوماتی کوئز پروگرام بھی ترتیب دیا گیا، جس میں حاضرین نے بھرپور دلچسپی لی۔عید ملن پارٹی سے امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے خصوصی خطاب کیا۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے کارکنان، عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں محمد جاوید قصوری نے عید الفطر کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عید خوشیوں، بھائی چارے اور یکجہتی کا درس دیتی ہے لیکن موجودہ حالات میں عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے باعث حقیقی خوشیوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہیں آئی، جس کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے، جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے لاتعلق دکھائی دیتا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ملک اس وقت سنگین سیاسی اور معاشی بحران سے گزر رہا ہے، جس سے نکلنے کے لیے دیانتدار قیادت اور مؤثر پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور عوام کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔نہوں نے کا اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک کی بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔تقریب سے ضیاء الدین انصاری، ملک شفیق، عبدالعزیز عابد اور راشد نعیم چشتی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی ہمت افزائی کی اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں