ریشم

عمر شریف کی وفات سے ایک عہد ختم ہوگیا، ریشم

لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) اداکارہ ریشم نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کے چلے جانے سے ایک عہد کا اختتام ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں ریشم نے کہا کہ عمر شریف نے اپنے عہد میں لوگوں میں ہنسی بانٹنے کا فریضہ بہت دیانتداری سے ادا کیا۔ ریشم نے کہا کہ مزاح عمر شریف کے گھر کی لونڈی تھی اور انسانیت ان کا شیوہ، کتنے ہی فنڈ ریزنگ پروگرامز میں ان کا ساتھ میسر آیا اور میں نے یہ بات سیکھی کہ اس پوری دنیا میں درد سے تڑپتا ہوا ہر شخص ہماری ذمے داری ہے، کیونکہ خدا نے ہمیں اس قابل بنایا ہے کہ ہم ان کے درد کا درماں کر سکیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ عمر شریف بہت بڑے کامیڈین ہی نہیں بلکہ بہت بڑے انسان تھے، جدا سب ہی کو ہونا ہے مگر ان کی جدائی سے یوں محسوس ہوا کہ جیسے ایک گھنا تناور درخت اچانک سوکھ گیا ہو، اس کی چھاﺅں بجھ گئی ہو۔اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا کہ خدا حافظ عمر بھائی آپ کو بھولنا ناممکن ہے۔