ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان کے بھانجے و معروف اداکار عمران خان نے ایک دہائی طویل وقفے کے بعد بالآخر فلمی میدان میں واپسی کرلی۔ان کی کم بیک فلم کی شوٹنگ کا آغاز19 اپریل کو ممبئی میں ہوا، یہ فلم، جس کا تاحال کوئی ٹائٹل سامنے نہیں آیا، معروف ہدایتکار دانش اسلم کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے اور اسے سینما گھروں کے بجائے نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔
انٹرٹینمنٹ جرنلسٹ راہول روت نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فلم کے کلپ بورڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کی فلمی دنیا میں واپسی! انہوں نے آج ممبئی میں اپنی کم بیک فلم کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے، بھومی پدنیکر اور گرفتح پِرزادہ بھی اس رومانٹک کامیڈی ڈرامہ فلم کا حصہ ہیں، جس کی ہدایتکاری بریک کے بعد کے ڈائریکٹر دانش اسلم کر رہے ہیں۔
یہ فلم ”اوپن ایئر فلمز”،عمران خان پروڈکشنزاور ”42 ایف پی ایس”کے اشتراک سے بنائی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق عمران کی واپسی ایک ہلکی پھلکی اور مزاحیہ انداز میں دل کو بہلانے والی فلم کے ذریعے ہو رہی ہے، جس میں وہ بالکل اسی انداز میں نظر آئیں گے جس کے لیے ان کے مداح انہیں یاد کرتے ہیں۔اگرچہ نیٹ فلکس کی جانب سے اس فلم کے حوالے سے تاحال کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا.
لیکن ذرائع کے مطابق یہ فلم2026 میں ‘نیٹ فلکس’ پر ریلیز کی جائے گی۔اس فلم میں ان کے ہمراہ بھومی پدنیکر اور گرفتح پِرزادہ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ یہ ایک ڈِسفنکشنل رومانٹک ڈرامیڈی طرز کی فلم ہوگی، یعنی یہ ایک ایسی فلم ہوگی جسکی رومانوی کہانی میں مزاح اور جذبات کی آمیزش ہوگی۔