اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے،عمران خان ریاست مدینہ کیلئے کام کررہے ہیں۔
جمعرات کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی خواہش تھی اسلام آباد پولیس کو ہائی ٹیک میں بہتر بنایا جائے، ہم ایئر پیٹرولنگ کا بھی افتتاح کرنے جارہے ہیں جو سیف سٹی سے منسلک ہوں گے، شہدا ءپیکج پنجاب کے برابر کردیا گیا ہے، ایک ارب روپے میرے دور میں پولیس کو دیا گیا ہے، آپ لوگ اس ملک کے محافظ ہیں پاک فوج زندہ بادہ، پاک پولیس زندہ باد۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان ریاست مدینہ کیلئے کام کررہے ہیں، ہم سچے عاشق رسولﷺ ہیں، ختم نبوتﷺ پرمجھ سے زیادہ قید کسی نے کاٹی تو سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا مطلب یورپی یونین سے باہر ہونا ہے، فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا مطلب دنیا سے تعلقات کشیدہ کرنا ہے،قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنے پر کوئی ایکشن نہیں لیں گے، عمران خان کی تمام مسائل پر نظر ہے، ہم نے فیٹف، آئی ایم ایف ودیگر معاملات کو بھی دیکھنا ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے، پی ڈی ایم کا کل کا جلوس بتا رہا تھا سکون ہے، غربت سے برائے راست متاثر ہونے والے انکے ساتھ نہیں تھے۔
قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ دوران آئی ای ڈی دھماکے سے ایف سی کے جوانوں کی شہادت کی اطلاع پر بہت دکھ ہوا ہے،علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے، وطن کی سلامتی کی خاطر جان قربان کرنے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ضلع باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے پولیس کے ہمراہ سرچ آپریشنز کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 2 سپاہی اور پولیس کانسٹیبل شہید ہوئے ہیں۔









