حلیم عادل شیخ 26

عمران خان کی طویل غیرقانونی قید آئین، قانون اور انسانی حقوق پر کھلا حملہ ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سرپرست اعلی عمران احمد خان نیازی کو 910 سے زائد دنوں سے بلاجواز قید میں رکھنا، مسلسل تنہائی، ذہنی اذیت اور بنیادی سہولیات سے محرومی آئینِ پاکستان، عدالتی احکامات اور عالمی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق خفیہ اقدامات، اہلِ خانہ اور ذاتی ڈاکٹروں سے ملاقات نہ کرانا اور جیل حکام کی جانب سے پردہ پوشی ریاستی جبر کی واضح مثال ہے، جس پر پوری قوم شدید تشویش میں مبتلا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریاں، گھروں پر چھاپے، خواتین اور بزرگوں کو ہراساں کرنا اور سیاسی سرگرمیوں کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوششیں فسطائی طرزِ حکمرانی کو بے نقاب کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سے 180 سے زائد پرامن پی ٹی آئی رہنمائوں و کارکنوں کو MPO-3 کے تحت قید کرنا جمہوریت نہیں بلکہ کھلی آمریت ہے، جس کا مقصد عوام کی آواز کو دبانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا عوام کے جان و مال کو لاحق خطرات حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا حکومت کی ترجیحات کو عیاں کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نہ تو ظلم سے ڈرے گی اور نہ ہی حق و آئین کی جدوجہد سے پیچھے ہٹے گی۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے 8 فروری کو یومِ سیاہ، ملک گیر شٹر ڈان اور پہیہ جام عوامی رائے کا اظہار ہے چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف عوام پرامن طریقے سے 8 فروری کی ہڑتال کو کامیاب بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن عوامی مینڈیٹ کی چوری کے خلاف پرامن مگر فیصلہ کن احتجاج کا دن ہوگا۔ انہوں نے سندھ کے عوام، تاجر برادری، وکلا، طلبہ اور ہر طبقے سے اپیل کی کہ وہ آئین، جمہوریت اور اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، کیونکہ عمران احمد خان نیازی کروڑوں پاکستانیوں کے لیے ریڈ لائن ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والی کسی بھی زیادتی کی ذمہ داری مکمل طور پر موجودہ جعلی مینیڈیٹ سے بننے والے حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں