شیخ رشید

عمران خان ریل میں ہو یا جیل میں حکومت سے نہیں سنبھالا جائے گا، شیخ رشید

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان ریل میں ہو یا جیل میں حکومت سے نہیں سنبھالا جائے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ عدلیہ مریم نواز کے نشانے پر ہے، وہ نہیں جانتی کہ فائنل گول عدلیہ نے ہی کرنا ہے، اس کے والد کو عدلیہ لائے گی یا اللہ لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک افواہوں کی زد میں ہے، دنیا میں ہمارا معاشی بحران سوالیہ نشان بن گیا ہے، حکومت خواب خرگوش میں سوئی ہوئی ہے،

آئی ایم ایف کی بیل ابھی بھی منڈیر نہیں چڑھی، نہ دنیا میں ان کی کوئی لابی ہے نہ بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانی ہے، ان کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا۔ سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول 5 روپے اور ڈیزل 13 روپے مزید مہنگا کر دیا ہے، کل دنیا کے تمام الیکٹرونک چینل پر زمان پارک کی کشیدگی پہلی خبر تھی، عمران خان کے 84 مقدمات پر دنیا لعن طعن کرر ہی ہے۔