بغداد(رپورٹنگ آن لائن)عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے تہران میں ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔وہ سخت گیرابراہیم رئیسی کے اگست میں منصب صدارت سنبھالنے کے بعد ان سے ملاقات کرنے والے پہلے غیرملکی رہ نما ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابراہیم رئیسی نے عراقی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میں ایک مشترکہ نیوزکانفرنس میں کہا کہ مجھے امید ہے، ہم ایران اورعراق کے درمیان اچھے تعلقات میں توسیع کا مشاہدہ کریں گے۔
ان کے بہ قول دونوں ممالک کے دشمن ایسا نہیں چاہتے ہیں۔ابراہیم رئیسی نے کہا کہ عراق نے رواں ماہ کے آخر میں اربعین کے موقع پر شیعہ مقدس مقامات تک ایرانی زائرین کو جانے کی اجازت دینے کے لیے ویزے معاف کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ایرانی صدر نے وضاحت کیے بغیر کہا کہ دونوں ممالک کے مالی معاملات کے بارے میں فیصلوں پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔