اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا معطلی پرمحفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے 25 جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج افضل مجوکا نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر دیں۔عدالت میں جج افضل مجوکا نے کہا کہ میں نے تفصیلی فیصلہ لکھ دیا ہے، دونوں کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں ۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیلیں دائر کی تھیں۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے 3 فروری 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو سات سات سال سزا سنائی تھی۔ بانی پی ٹی آئی اس وقت صرف عدت میں نکاح کیس میں سزا کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں، بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ اور سائفر مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ 190 ملین پانڈ کیس، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں درج 9 مئی کے مقدمات میں بھی ضمانت پر ہیں۔









