اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی تک آسان اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عدالتی اور انصاف کے نظام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور عدالتی نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے حکومت عدلیہ کو ہر ممکن تعاون و وسائل کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔
جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے ملاقات کی جس میں ٹارنی جنرل نے وزیرِ اعظم کو مختلف عدالتی امور، نظام انصاف کے حوالے سے جاری اصلاحات اور ” واٹر کمیشن رپورٹ”پربریفنگ دی۔وزیرِ اعظم عمران خان نے واٹر کمیشن رپورٹ کے حوالے سے جسٹس شاہد کریم کی کاوشوں کو سراہا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پانی کا مسئلہ انتہائی اہم معاملہ ہے ۔
اس اہم قومی معاملے میں جسٹس شاہد کریم کی خصوصی دلچسپی اور کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ وزیرِ اعظم نے جسٹس(ر)علی اکبر قریشی کی سربراہی میں واٹر کمیشن رپورٹ مرتب کرنے والی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ مختلف عدالتی امور اور جاری اصلاحات پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عام آدمی تک آسان اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ عدالتی اور انصاف کے نظام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور عدالتی نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے حکومت عدلیہ کو ہر ممکن تعاون و وسائل کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔