وانگ وین 22

عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین میں موجودہ افراتفری کی ذمہ داری نیدرلینڈز پر عائد ہوتی ہے، چینی وزیر تجارت

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی وزیر تجارت وانگ وین تاؤ نے یورپین کمیشن برائے تجارت اور اقتصادی سلامتی کے رکن شفچوویچ کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی۔

جمعرات کے روز انہوں نے نیکسپیریا سمیت تجارتی اور معاشی امور پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔وانگ وین تاؤ نے کہا کہ نیکسپیریا کے مسئلے پر، عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین میں موجودہ افراتفری کی ذمہ داری نیدرلینڈز پر عائد ہوتی ہے۔چینی حکومت نے ہمیشہ ذمہ داری سے کام کیا ہے اور عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کے استحکام کو برقرار رکھنے اور بحال کرنے کے لیے بروقت اور موثر اقدامات کیے ہیں۔حال ہی میں، نیدرلینڈز نے اس مسئلے کو مناسب طریقے سے حل کرنے کی طرف ایک چھوٹا سا قدم اٹھاتے ہوئے ایگزیکٹو آرڈر کو معطل کرنے کا اعلان کیا ۔

تاہم، کاروباری اداروں میں نیدرلینڈز کی غیر مناسب انتظامی اور عدالتی مداخلت کو تاحال ختم نہیں کیا گیا، اور عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین ابھی تک معمول پر واپس نہیں آئی اور اب بھی اسے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔امید ہے کہ یورپی کمیشن ایک مثبت کردار ادا کرے گا اور ڈچ حکومت پر زور دے گا کہ وہ جلد از جلد ایک تعمیری حل نکالے تاکہ کمپنیوں کے لیے اندرونی مشاورت کے سازگار حالات پیدا ہو سکیں۔

شفچوویچ نے چینی وزارت تجارت کا نیکسپیریا سیمی کنڈکٹر کے مسئلے کے حل کو فروغ دینے کی زبردست کوششوں پر شکریہ ادا کیا جس نے عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین میں بحران پیدا نہیں ہونے دیا۔ انھوں نے کہا کہ نیکسپیریا کا مسئلہ ابھی تک مکمل طور پر حل نہیں ہوا ہے، اور یورپی فریق صورتحال کو مزید کم کرنے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نیکسپیریا سیمی کنڈکٹر کے مسائل کے حل میں متعلقہ کاروباری اداروں کا مرکزی کردار ہے۔ وہ نیکسپیریا نیدرلینڈز اور نیکسپیریا چائنا پر زور دیں گے کہ وہ جلد از جلد تعمیری مکالمہ شروع کریں، طویل مدتی حل تلاش کریں اور عالمی سیمی کنڈکٹر پروڈکشن اور سپلائی چین کی روانی اور استحکام کو جلد از جلد بحال کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں