جنرل ہسپتال

عاشورہ: بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر پرنسپل جنرل ہسپتال کاطبی عملے کو خراج تحسین

لاہور18جولائی(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے یوم عاشور کے موقع پر لاہور جنرل ہسپتال میں آنے والے مریضوں، زخمی عزادارن اور زنجیر زنی سے متاثرہ افراد کوفراہم کی گئی بر وقت اور بہترین طبی امداد کی تفصیلات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرز سمیت تمام عملے کو بلا تعطل خدمت خلق پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹرز و نرسنگ انتظامیہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے شعبہ ایمرجنسی میں مریضوں اور عاشورہ کے روز آنے والے مریضوں کی بھی خیریت دریافت کی نیز فارمیسی میں ادویات کے ریکارڈ کی پڑتال کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرالفرید ظفر نے کہا کہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں اور ہم اسی بنیادی و اخلاقی اصول کے تحت اپنی خدمات سر انجام دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکربجا لاتے ہیں کہ نویں اور دسویں محرم الحرام پر جنرل ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور زخمیوں کی بھرپور دیکھ بھال کی گئی اور انہیں بغیر کسی تاخیر کے طبی امداد فراہم کی گئیں۔

انہوں نے ہیلتھ پروفیشنلز کو ہدایت کی کہ وہ محرم ا لحرام میں خصوصاً زنجیر زنی سے متاثرہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے اضافی استعداد کے ساتھ ہم ہمہ وقت تیار رہیں اور یوم عاشور کے بعد بھی عزادارن کو طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ عزاداری اور ماتمی جلوسوں میں بہت سے لوگ زخمی ہو کر ہسپتال آتے ہیں اور اُن کی جان بچانے کے لئے علاج معالجے میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے شعبہ ایمرجنسی میں موجود انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کے خدمت انسانی کے جذبے کو سراہتے ہوئے تمام عملہ کی خدمات کو لائق تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عاشورہ کے تناظر میں کی جانے والی تیاریوں میں سیکیورٹی اور شعبہ صحت کو ترجیحی بنیادوں پر مد نظر رکھا گیا جو قابل ستائش ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ جنرل ہسپتال دیگر مریضوں کے ساتھ ساتھ زنجیر زنی سے متاثرہ لوگوں کو بھی بر وقت اور بھرپور طبی امداد فراہم کرنے میں کامیاب رہا ہے اور رضائے الہٰی کے حصول کے لئے ہم سب نے اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھایا ہے۔ انہوں نے ہیلتھ پروفیشلنز،پیرا میڈیکس اور ہسپتال کے معاون تمام عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔

پروفیسر الفرید ظفر نے مزید بتایا کہ جنرل ہسپتال نے ماضی میں بھی مختلف آفات اور ہنگامی حالات سمیت ہر مشکل گھڑی میں عوام کے لئے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جو تا حال جاری ہے اور انشاء اللہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا، سیلاب،زلزلہ و دیگر قدرتی آفات اور ٹریفک حادثات میں لائے جانے والے مریضوں اور زخمیوں کی مناسب دیکھ بال، انہیں جدید طریقہ علاج کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی میں لاہور جنرل ہسپتال ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور انشاء اللہ ہم اپنی خدمت کی یہ روایت آئندہ بھی قائم رکھیں گے۔