لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ظلم اور جبر کے ہر طرح کے ہتھکنڈوں کے باوجود تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے ،سلاخوں کے پیچھے ہونے کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کی غیر معمولی مقبولیت فارم 47مارکہ حکومت کا سب سے بڑا روگ ہے ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت ، رہنمائوں اور کارکنان کو خوفزدہ کرنے اور توڑنے کے لئے بد ترین مظالم کے جو پہاڑ توڑے گئے ہیںاس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ، اس کے باوجود پی ٹی آئی کے ادنیٰ سے ادنیٰ کارکن کا عزم متزلزل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل کی صعوبتوں کے باوجود ملک و قوم کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں.
ان کاتمام رہنمائوں اور کارکنان کے لئے یہی پیغام ہوتا ہے کہ تاریک رات جلد ختم ہو گی اور ایسی صبح طلوع ہو گی جس سے ملک کا مستقبل حقیقی معنوں میں روشن ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان شااللہ بانی پی ٹی آئی کے جیل سے باہر آنے کی دیر ہے نام نہاد مقبولیت کے دعویدارحکمران اپنا بوریا بستر لپیٹتے ہوئے نظر آئیں گے۔