احسن اقبال 13

طلبہ یونینز کا نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھانے میں اہم کردار ،جامعات کو قومی سطح کی جماعتی سیاست سے آزاد رہنا چاہیے ،احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ طلبہ یونینز نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں تاہم جامعات کو قومی سطح کی جماعتی سیاست سے آزاد رہنا چاہیے تاکہ طلبہ تعلیمی ماحول کو متاثر کیے بغیر اپنی قائدانہ اور نمائندہ صلاحیتوں کو فروغ دے سکیں۔وہ یہاں منعقدہ قومی مکالمہ برائے تعلیم کے دوران سیاسی برادری اور تعلیم کے موضوع پر پینل مباحثے کے شرکا سے خطاب رہیتھے۔

مباحثے میں تعلیمی اصلاحات، طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں، سیاسی شرکت اور پاکستان کے تعلیمی نظام کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قیادت کی نشوونما میں تعلیم کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ یونینز نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ یونینز اور طلبہ سیاست میں شرکت نے ان کی اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی نشوونما میں نمایاں کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر نے طلبہ یونینز کی بحالی پر زور دیتے ہوئے ان کی بحالی کے لیے نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کی تجویز پیش کی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جامعات کو قومی سطح کی جماعتی سیاست کے اثرات سے آزاد رہنا چاہیے تاکہ طلبہ تعلیمی ماحول کو متاثر کیے بغیر اپنی قائدانہ اور نمائندہ صلاحیتوں کو فروغ دے سکیں۔تعلیم کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے تعلیمی بجٹ میں اضافے پر زور دیا اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی اصلاحات کو ترجیح دیں۔

انہوں نے علاقائی تفاوت کم کرنے کے لیے تعلیمی انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی سہولیات اور معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں ابھرتے چیلنجز اور تقاضوں کے مطابق تعلیمی نصاب میں جامع اصلاحات اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مستقبل کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے طلبہ کو عصری علم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔لارڈ میکالے کی جانب سے 1835 میں تحریر کردہ تاریخی دستاویز منٹ آن انڈین ایجوکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے برصغیر میں تعلیمی پالیسی کے تاریخی پس منظر کو اجاگر کیا۔ اسی حوالے کو آگے بڑھاتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے مکالمے کے دوران منٹ آن ایجوکیشن 2.0 کا ایک جدید اور اپ گریڈ شدہ تصور پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں عصری تعلیمی ضروریات اور مستقبل کے چیلنجز کے مطابق اصلاحات اور جدت لانا ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں