سارہ عمیر 27

طلاق سے متعلق سارہ عمیر کا یوٹرن، شوہر کو سب سے بڑا اثاثہ قرار دے دیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی ٹیلی وژن کی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے اپنی طلاق سے متعلق دیے گئے سابقہ بیان پر یوٹرن لیتے ہوئے مرد کو خواتین کی زندگی کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دے دیا۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایک نجی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور نجی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر گفتگو کی، دورانِ انٹرویو انہوں نے متعدد بار اپنے شوہر اور ہدایت کار محسن طلعت کا ذکر کیا تاہم انہیں سابق شوہر کہنے سے گریز کیا۔

حالیہ گفتگو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے شوہر کے کیریئر سے متعلق مشوروں کو نظر انداز کرنے پر افسوس ہے کیونکہ ان پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے انہیں پیشہ ورانہ نقصان اٹھانا پڑا، ان کے بقول اب وہ ہر کردار کے انتخاب سے قبل اپنے شوہر سے مشورہ ضرور کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں ان کا کوئی قریبی دوست نہیں، سوائے محسن کے، میرا حقیقی دوست میرا شوہر اور میرے بچوں کا باپ ہی ہے، ایک موقع پر سارہ عمیر نے رشتوں سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے پیاروں کو کھونے کا خوف رہتا ہے، چاہے وہ والدین ہوں، بچے ہوں یا شوہر۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مرد عورت کی زندگی میں اثاثے کی مانند ہوتے ہیں، وہ نگہبان اور کفیل ہوتے ہیں اور ایک حد تک انہیں اختیار حاصل ہونا چاہیے، ان کے مطابق قیادت کا کردار مردوں کو ہی زیب دیتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک پروگرام میں سارہ عمیر نے اپنی طلاق کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی تھی، انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے تماشہ میں شرکت اس لیے کی تاکہ وہ اپنی طلاق کے صدمے سے باہر آ سکیں۔

سارہ عمیر 2014ء تک شوبز انڈسٹری میں سرگرم رہیں، تاہم محسن طلعت سے شادی کے بعد انہوں نے میڈیا انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی، اس جوڑے کے دو بیٹے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں