محمد جاوید قصوری 17

طاقت کے نشے میں دھت قوتیں مشرق وسطیٰ میں مسلسل جنگ و جدل کو ہوا دے رہی ہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے، اس مہینے سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکیں اور اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھال سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کو صبر، تقویٰ اور خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں ایثار، ہمدردی اور بھائی چارے کا عملی درس دیتا ہے۔ صاحبِ حیثیت افراد کو چاہئے کہ وہ اس مقدس مہینے میں اپنے اردگرد موجود غریب، نادار اور مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کریں۔ معاشرے میں موجود یتیموں، بیواؤں اور سفید پوش خاندانوں کا سہارا بننا ہی دراصل روزے کی حقیقی روح ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن سمیت فلاحی ادارے اس حوالے سے قابل تحسین کردار ادا کر رہے ہیں اور مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ اپنے عطیات اور صدقات مستحقین تک پہنچانے کے لیے ایسے اداروں کا ساتھ دیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور جانی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں دھت قوتیں مشرق وسطیٰ میں مسلسل جنگ و جدل کو ہوا دے رہی ہیں جس کے باعث بے گناہ انسانوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر اس جارحیت کا نوٹس لے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ مسلم ممالک کو بھی مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا تاکہ امت مسلمہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ رمضان المبارک کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنے اندر اتحاد، اخوت اور تقویٰ کو فروغ دیں۔ اگر ہم اس بابرکت مہینے کی روح کو سمجھ لیں تو انفرادی اور اجتماعی سطح پر مثبت تبدیلی ممکن ہے اور یہی تبدیلی امت مسلمہ کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں