اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ واربنیادوں پر 0.21 فیصد اورسالانہ بنیادوں پر 7.04 فیصد کا اضافہ ہواہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 18مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 342.13 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ میں 341.42 پوائنٹس اورگزشتہ سال 20مارچ کو 319.62 پوائنٹس تھا۔ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی 9اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور24کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 18اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
گزشتہ ہفتہ کے دوران لہسن کی قیمت میں 4.76 فیصد،ایل پی جی 2.67 فیصد،پیاز2.52 فیصد،دال مسور1.34 فیصد،آٹا1.05 فیصد،چینی 0.76 فیصد،گڑ0.65 فیصد،کیلا0.42 فیصد اوردال چنا کی قیمت میں 0.11 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 24.85 فیصد،چکن 7.33 فیصد،بریڈ1.08 فیصد،انرجی سیور0.91 فیصد،پکی ہوئی دال 0.65 فیصد،سرسوں کا تیل 0.41 فیصد،سگریٹ 0.40 فیصد،جارجٹ 0.39 فیصد،جلانے کی لکڑی 0.36 فیصد،آلو0.33 فیصد،انڈے 0.31 فیصد،اورپکی ہوئی بیف کی قیمت میں 0.22 فیصد اضافہ ہوا۔
سب سے کم یعنی 17732روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.18 فیصد کا اضافہ ہوا،17733روپے سے لیکر22888روپے،22889روپے سے لیکر 29517روپے، 29518روپے سے لیکر44175اوراس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.21 فیصد،0.20 فیصد،0.22 فیصد اور0.20 فیصد کا اضافہ ہوا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17بڑے شہروں کی 50مارکیٹوں میں 51ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپر کیا جاتاہے۔








