کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان شدید موسمی ہنگامی صورتحال سے دوچارہے صوبائی حکومت کی پوری مشینری ریسکیو و ریلیف آپریشن میں مصروف ہے انسانی جانوں کے تحفظ اور متاثرہ علاقوں تک امدادی سامان کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بحران کے اس نازک وقت میں احتجاج اور سڑکوں کی بندش سیاست نہیں، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، احتجاج اور روڈ بلاکجز ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کے برابر ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیاسی اختلافات بعد میں بھی ہو سکتے ہیں،
عوام کی جانیں انتظار نہیں کر سکتیں،صوبائی حکومت عوام کے تحفظ سے کسی صورت توجہ ہٹانے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و سماجی قوتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں اس وقت سب سے اولین ترجیح عوام کی جان بچانا ہے، رکاوٹ بننے کے بجائے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔









