راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وہ صرف بانی پی ٹی آئی کو جواب دہ ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی بجٹ آئینی بحران سے بچنے کے لیے تھا، وہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ دو دو ماہ سے انہیں بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پوچھتے ہیں کہ یہاں آپ کی حکومت ہے، کیا آپ ملنے نہیں دے رہیں؟ بطور وزیراعلیٰ ان کا حق ہے کہ وہ جیل کا دورہ کریں اور کسی بھی قیدی سے ملاقات کریں، وہ ایک بندے کو جواب دہ ہیں اور وہ بانی پی ٹی آئی ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے وفاق کو خبردار کیا کہ ابھی آئی ایم ایف کا پروگرام آرہا ہے ہمارا بھی یہی رویہ ہوگا، کسی بھی فنانس میٹنگ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں، مالی مسائل آنے دیں، پھر ان سے کہیں گے کہ ملاقات نہیں چاہیے، بانی پی ٹی آئی کا بیان چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو آج بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، جو سازش تھی وہ ناکام ہوگئی، اپنے اور صوبے کے حالات کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔