آصف علی زرداری 15

صدر کی کویتی قیادت کو قومی دن اور ہالہ فروری تقریبات کے موقع پر مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کو کویت کے قومی دن اورہالہ فروری کی تقریبات کے پرمسرت موقع پر امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویت کے برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناوں کا ا ظہار کیا ہے۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ یہ تقریبات امیرِ کویت کی دانشمندانہ قیادت میں کویتی قوم کی استقامت، اتحاد اور مسلسل ترقی کی عکاس ہیں۔

صدر مملکت نے امیر کویت کے نام اپنے خط میں پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ روابط باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف اہم شعبوں میں مسلسل فروغ پارہے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کویت میں مقیم متحرک پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا جو کویت کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں اقوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کویت کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کے ساتھ پاکستان دونوں برادر ممالک کے مشترکہ مفاد میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ صدر مملکت نے امیرِ کویت کی صحت و تندرستی، کویتی عوام کی مسلسل خوشحالی اور پاکستان و کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کی پائیدار مضبوطی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں