شیری رحمان

صدر کا عہدہ وزیراعظم کا مشورہ ماننے کا پابند ہے، شیری رحمان

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ صدر کا عہدہ وزیراعظم کا مشورہ ماننے کا پابند ہے۔ سینیٹر شیری رحمان نے گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں مسلسل آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے وزیراعظم کی بھیجی ہوئی سمری مسترد کرنے کا عمل تشویشناک اور حیران کن تھا، صدر کا عہدہ وزیراعظم کا مشورہ ماننے کا پابند ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عارف علوی ملک کے صدر کا نہیں بلکہ تحریک انصاف کے کارکن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے کئی ماہ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کو مفلوج بنا کر رکھا تھا، گورنر پنجاب کو باعزت طریقے سے مستعفی ہو جانا چاہئے تھا لیکن گورنر پنجاب نے بھی کپتان کی طرح آئینی اختیار کا غلط استعمال کرنا چاہا۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے مزید کہا کہ یہ ملک آئیں اور قانون کے مطابق چلنا ہے کسی پارٹی یا شخص کی ایما پر نہیں۔