آصف علی زرداری 11

صدر زرداری کی افغان طالبان کی پاکستان کے شہری علاقوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی شدید مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے افغان طالبان عناصر کی جانب سے گزشتہ روز کئے گئے ان ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن کا مقصد پاکستان میں شہری علاقوں کو نشانہ بنانا تھا۔ ہفتے کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں دہشت اور طاقت کے ذریعے قائم کی گئی غیر قانونی حکومت مسلسل اپنے اس وعدے سے پھر رہی ہے کہ وہ دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہیں کرے گی اور اب اس نے اسلامی دنیا کی ایک بڑی فوجی طاقت کو اشتعال دلانے کی جرات بھی کی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اب جبکہ افغان دہشت گرد رجیم ہمارے دوست ممالک کے ساتھ مذاکرات کی خواہاں ہے اس نے ہمارے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرکے سرخ لکیر کو عبور کیا جبکہ پاکستان خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی ناجائز اور دہشت گرد حکومت نے اس سرخ لکیر کو عبور کرکے اپنے اوپر سنگین نتائج مسلط کئے ہیں۔ صدر مملکت نے کوئٹہ، کوہاٹ اور راولپنڈی میں ڈرون کے ملبے سے زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور اس کے عوام کے تحفظ کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں