آصف علی زرداری 25

صدرِ مملکت اور چیف اسکائوٹ پاکستان آصف علی زرداری کا یومِ اسکائوٹ 2026 کے موقع پر پیغام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت اور پاکستان کے چیف اسکائوٹ آصف علی زرداری نے عالمی یومِ اسکاوٹس کے موقع پر پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے پانچ لاکھ سے زائد اسکاوٹس اور لیڈرز کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق عالمی یومِ اسکائوٹ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن لارڈ بیڈن پاول کی سالگرہ کے حوالے سے منایا جاتا ہے جو 22 فروری 1857 کو پیدا ہوئے اور بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے بانی تھے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ دن دنیا بھر میں 6 کروڑ سے زائد اسکاوٹس کی جانب سے منایا جاتا ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنا کر دنیا کو بہتر بنانے کے ان کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو 176 ممالک اور خطوں تک پھیل چکا ہے اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے نوجوانوں کے کردار اور مستقبل کی تشکیل میں اسکاوٹنگ کی اہمیت کو تسلیم کیا، 22 دسمبر 1947 کو پاکستان کے پہلے چیف اسکاوٹ کی حیثیت سے اسکاوٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ اسکاوٹنگ ہمارے نوجوانوں کے کردار کی تعمیر، ان کی جسمانی، ذہنی اور روحانی نشوونما اور انہیں منظم، روادار، مفید اور اچھا شہری بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ آج اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ اسکاوٹ سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ ہماری قوم کو سرسبز، موسمیاتی تغیرات سے محفوظ، منشیات سے پاک اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اسکاوٹس کو چاہیے کہ وہ اپنی تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے زندگی کی مہارتوں میں اضافہ کریں، ہنگامی حالات اور آفات سے نمٹنے میں کردار ادا کریں اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔

صدرِ مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن، جو ورلڈ آرگنائزیشن آف دی اسکائوٹس موومنٹ سے وابستہ ہے، مزید ترقی یافتہ اور موثر ادارہ بن کر ابھرے گا اور قوم کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف اسکاؤٹ پاکستان کی حیثیت سے میں پاکستان کے تمام اسکاوٹس کے لئے ان کے عظیم مشن میں مسلسل کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔ الّلہ کرے کہ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن ہمارے نوجوانوں کو قوم کی تعمیر کا مئوثر محرک بنانے کا پلیٹ فارم ثابت ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں