اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پائلٹ افسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی 55ویں برسی کے موقع پر مادرِ وطن کے لیے ان کی بے مثال قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پائلٹ افسر راشد منہاس شہید نے کم عمری میں وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے کم عمر نشانِ حیدر راشد منہاس کی عظیم قربانی قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو آنے والی نسلوں کو جرات، عزم اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیتی رہے گی۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قوم اپنے اس عظیم سپوت، دیگر شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں، جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی قوم کے لیے جرات، حب الوطنی اور فرض شناسی کی لازوال مثال ہے، انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور قومی وقار کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ راشد منہاس شہید کی بے مثال بہادری اور قربانی ہمیشہ قوم اور افواجِ پاکستان کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ انہوں نے شہید کے بلندیِ درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، جبکہ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔









