شیخ رشید احمد 186

شیخ رشید احمد کا ترک ہم منصب کی ویڈیو کانفرنس ،غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے پراتفاق

اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان اور ترکی نے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے پراتفاق کیا ہے ۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور انکے ترک ہم منصب سلیمان سوئیلو کے درمیان ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقائی امن وامان ، غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔پاکستان اور ترکی کے مابین باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔پاکستان اور ترکی نے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے پراتفاق کیا ،غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کا خاتمہ دونوں ممالک کا مشترکہ ہدف قرار دیا گیا ،پاکستان اور ترکی کے وزراء داخلہ نے ایک دوسرے کو اپنے ملک دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ اوربرادرانہ ہیں،مسلم اْمہ کو درپیش مسائل پر پاکستان اور ترکی کا موقف یکساں اور دوٹوک ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان نے افغان عوام کو قحط سے بچانے کے لئے امداد کیلئے صدا بلند کی ہے۔

انہوںنے کہاکہ افغانستان پر اوآئی سی وزراء خارجہ غیر معمولی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ترکی کی طرف سے افغان شہریوں کی امداد انتہاء قابل تحسین فعل ہے،ترکی کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کے عوام میں بہت پزیرائی حاصل ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہاکہ ترک صدر طیب اردگان پاکستان میں انتہاء مقبول مسلمان سربراہ مملکت ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ترکی کیطرف غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے اقدامات کو تیز کیا جائیگا،انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے لئے پاکستان زیرو ٹولرینس پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف کریگ ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ترکی کیطرف پاکستانیوں کی غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لئے وزارت داخلہ اور ایف آئی آے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ایران اور افغانستان بارڑز پر فینسنگ غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور منشیات کی نقل و حرکت روکنے میں بہت مدد گار ثابت ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ایران بارڈر پر فینسنگ کا کام رواں سال مکمل ہوجائیگا۔ وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہاکہ پاکستان اور ایران سرحد پر 700 کلومیٹر باڑ پہلے ہی لگاچکے ہیں۔ ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے کہاکہ پاکستان اور ترکی دونوں برادر اسلامی ملک ہیں۔ باہمی تعلقات پر بہت فخر ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کی داخلہ وزارتوں اور اسکے محکموں کے درمیان روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کو دہشت گردی، منشیات سمگلنگ، سائبر سکیورٹی کرائیمز اور انسانی سمگلنگ جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان بڑے چینلجز سے نبرد آزما ہونیکے لئے مشترکہ حکمت عملی اور پیش بندی کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بہتر روابط سے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ سے موثر طریقے سے نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کو روکنا دونوں ممالک کے لئیایک بڑا چیلنج ہے۔انہوںنے کہاکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ سے معاشی اور سماجی مسائل بھی جنم لیتے ہیں،دونوں ممالک کی مشترکہ حکمت عملی سے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ سے نجات ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں