شہزادہ خالد بن سلمان

شہزادہ خالد بن سلمان کی امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں

ریاض (رپورٹنگ آن لائن )سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور صدر منصب سنبھالنے کے بعد امریکا کا پہلا دورہ ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں دوست ممالک کے وژن پر تبادلہ خیال ہوا۔ ان میں بین الاقوامی امن و سلامتی اور مشترکہ دل چسپی کے متعدد امور شامل تھے۔

امریکی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان بحیرہ احمر کے امن، جہاز رانی کی آزادی اور دونوں ملکوں کے بیچ سیکورٹی شراکت داری کو مضبوط بنانے جیسے امور زیر بحث آئے۔شہزادہ خالد اور روبیو کی بات چیت میں شام، لبنان اور غزہ میں امن پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

سعودی وزیر دفاع نے واشنگٹن کے سرکاری دورے میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز سے بھی ملاقات کی۔والٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں سعودی وزیر داخلہ اور اپنے پیارے دوست شہزادہ خالد بن سلمان کی وائٹ ہاس میں میزبانی پر بہت مسرور ہوں، یقینا ٹرمپ انتظامیہ اور مملکت سعودی عرب امن، خوش حالی اور ترقی کے فروغ کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہیں۔

دوسری جانب شہزادہ خالد بن سلمان نے ایکس پلیٹ فارم پر لکھا مجھے اپنے دوست اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ ہم نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تزویراتی تعلقات کی صورتوں، مشترکہ تعاون کے میدان اور ان میں اضافے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جو دونوں دوست ممالک کی قیادت کی امنگوں کے عین مطابق ہو۔