طارق فضل چوہدری 50

شمالی بلوچستان کے حساس علاقوں میں دشمن عناصر کی جانب سے دراندازی اور زمینی حملوں کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ شمالی بلوچستان کے حساس علاقوں قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن میں دشمن عناصر کی جانب سے دراندازی اور زمینی حملوں کی مذموم کوشش کی گئی، مگر پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔

منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ” ایکس” پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جوابی کارروائی میں درجنوں دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچے جبکہ کئی زخمی ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے،اسی طرح خیبر پختونخوا میں بھی دہشتگردی کی ایک اور کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ہماری افواج ہر لمحہ چوکس، پیشہ ور اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،

دشمن چاہے کسی بھی روپ میں آئے، اسے ہر محاذ پر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان کے اس بہادر سپاہی کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی،شہداء ہماری طاقت اور عزم کی علامت ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں، قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن دشمن عناصر کے لیے اس سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں