لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان ملک کوسنوارنے والا نہیں بلکہ کرپشن اورلوٹ مار کے ذریعے تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والا سند یافتہ خاندان ہے ،
(ن) لیگ والوں کو صرف قومی خزانے میں نقب لگانے کا ہنر آتاہے جو موجودہ دور میں ان کے کسی کام نہیں آئے گا اس لئے ان کا معاشی بحران شدید تر ہو رہا ہے ، وزیر اعلیٰ سردار عثما ن بزدار ماضی کے نام نہاد خادم اعلیٰ کی طرح شو بازیوں کی بجائے عملی کام کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ اور تدارک کےلئے طے شدہ عالمی معیارات کی پیروی کی جارہی ہے اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات ہیں کہ اس میں کوئی غفلت اور لا پرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
ہر پلیٹ فارم کے ذریعے عوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے ، سمارٹ لاک ڈاﺅن کے فارمولے کے تحت ہاٹ سپاٹ مقامات کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ سیل کیا جارہا ہے اور جن علاقوں میں صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے انہیں کھولا بھی گیا ہے ۔
انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے ترجمانوں کی بیان بازی پر کہا کہ صرف کرپشن لیگ کی قیادت ہی نہیں بلکہ ان کے حواری بھی سیاسی بیروزگاری کی زندگی گزار رہے ہیں اور سیاست میں زندہ رہنے کے لئے عمران خان اور عثمان بزدار پر بلا وجہ تنقید کر کے اپنا قد بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔
تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے ٹیکسز کے پیسوں کو امانت سمجھا ہے اور اپنے اللے تللوں کی بجائے اسے عوام پر خرچ کیا جارہا ہے جبکہ ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔
مسلم لیگ(ن) کی ترجمان کا یہ بیان کہ شریف خاندان ملک کو سنوارنے والا خاندان ہے انتہائی مضحکہ خیز اور صدی کا سب سے بڑا مذاق ہے اور اس بیان پر خود ان کی اپنی جماعت کے لوگ بھی قہقے لگا رہے ہوں گے