نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)شریاس ائیر کو بھارت کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹ یک مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے سوریا کمار یادیو کو کپتانی سے ہٹا کر نئے کپتان کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کیا ہے۔علاوہ ازیں ایشین گیمز کیلئے بھی بھارتی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں شریاس ائیر ہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔رپورٹ کے مطابق 31 سالہ شریاس ایئر طویل عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ آئی پی ایل میں مختلف فرنچائزز کو کامیابیاں دلانے کے بعد ان کی قیادت اور شاندار کارکردگی نے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔بھارتی چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے مطابق ایئر کے پاس کپتانی کا بھرپور تجربہ موجود ہے اور وہ مستقبل کے منصوبوں کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔اسکواڈ میں 15 سالہ نوجوان بیٹر ویبھا سوریاونشی کو بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔
وہ حالیہ آئی پی ایل سیزن میں غیرمعمولی کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز بنے تھے،اگر وہ آئرلینڈ یا انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرتے ہیں تو 16 سال کی عمر سے پہلے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے بھارت کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔تلک ورما کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کو آرام دیا گیا ہے۔دوسری جانب رنکو سنگھ اور کلدیپ یادیو اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔بھارت آئرلینڈ کے خلاف دو اور انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا جن کے ذریعے ٹیم 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور لاس اینجلس اولمپکس کی تیاری کرے گی۔









