صدر اشرف بھٹی

شرح سود انتہائی زیادہ ہونے کی وجہ سے مقامی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت روزگار کی فراہمی کیلئے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے ،تاجر نا مساعد حالات کے باوجود ٹیکسز کی ادائیگی اور روزگار کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کسی طرح کی ستائش نہیں کی جاتی ۔

اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ تو دیا جاتاہے لیکن انہیں درپیش دیرینہ مسائل کے حل اوران کی تجاویز پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔ حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ تاجر طبقے کیلئے کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے کسی سطح پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی زیادہ شرح سود اور دیگر مشکلات کی وجہ سے مقامی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے جس کے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

حکومت سے اپیل ہے کہ خالصتاً کاروبار کے لئے سرمایہ کاری کی غرض سے لئے جانے والے قرض پر شرح سود صفر کیا جائے ۔حکومت کی جانب سے ٹیکسیشن کے نظام میں اصلاحات کے نعرے تو لگائے لیکن ابھی تک اس طرف عملی پیشرفت ہوتی ہوئی نظر نہیں آرہی ۔ مطالبہ ہے کہ حکومت تاجر تنظیموں کے ساتھ رابطوں کو فروغ دے تاکہ اسے مسائل سے آگاہی حاصل ہو سکے۔