وزیراعلی پنجاب

شدید بارشیں،وزیراعلی پنجاب کا ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے راولپنڈی میں شدید بارشوں کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا، حمزہ شہباز نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے، نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو سکے مکمل کیا جائے،

انہوں نے کہا کہ پانی نکاسی کے کام میں تساہل برداشت نہیں، واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، مخلوق خدا کی مشکلات کے ازالے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں،ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس حکام بارش کے دوران دفاتر میں نہیں فیلڈ میں نظر آنے چاہیئے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں، نالہ لئی میں پانی کی صورتحال کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے،وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ خدا نخواستہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔