اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) شام کے وزیرِ امور خارجہ و تارکین وطن، عالی مرتبت اسعد حسن الشیبانی کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، اہم دورے کے دوران دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شام کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر 19 سے 20 اگست 2026ء تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، شام میں نئی حکومت کے قیام کے بعد کسی بھی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ باہمی مذاکرات اور تفصیلی مشاورت کی جس کے دوران دونوں ممالک کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا، فریقین نے باقاعدہ ادارہ جاتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قائم شدہ ادارہ جاتی میکانزم کو جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا۔









