نہال ہاشمی 41

شاعری سرحدوں سے بالاتر اور دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہے، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ادب اور شاعری سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں بلکہ یہ دلوں کو جوڑنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے ایسے ادبی پروگرامز کو فروغِ ادب و ثقافت کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مشاعروں میں شریک ہو کر شعراء کو سننے کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ معروف شاعر خالد عرفان کو گھنٹوں سننا بھی باعثِ مسرت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساکنانِ شہرِ قائد کے زیرِ اہتمام ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ عالمی مشاعرہ برائے امنِ عالم میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس عوام کا ہے اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ کفایت شعاری مہم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں غیر ضروری لائٹس بند رکھی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وصی شاہ اور عباس تابش جیسے شعراء کسی ایک خطے تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر اردو ادب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔اس سے قبل گورنر سندھ کی آمد پر مشاعرے کے منتظمِ اعلیٰ محمود احمد خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ تقریب کی سرپرستی معروف ادیب ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کی اور صدارت ممتاز شاعر افتخار عارف نے انجام دی۔

مشاعرہ میں ملک و بیرونِ ملک سے نامور شعراء کرام نے شرکت کی، جن میں انور شعور، محمود شام، مدد علی سندھی، نصرت صدیقی، عباس تابش، شکیل جاذب، جاوید صبا، سہیل احمد، خالد عرفان، وصی شاہ، احمد سلمان، ناصرہ زبیری، فاضل جمیلی، ڈاکٹر نور امروہوی، نورین طلعت، آئرین فرحت اور دیگر شامل تھے۔ اس شاندار ادبی محفل نے شہرِ قائد کی بھرپور ثقافتی روایت کی عکاسی کی اور حاضرین سے بھرپور داد سمیٹی۔تقریب کی نظامت منصور ساحر، دانیال اسماعیل، نازیہ غوث اور ڈاکٹر عنبریں حبیب عنبر نے انجام دی، جبکہ مشاعرہ رات گئے تک جاری رہا اور شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں