لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پی ایس ایل فرنچائزز مالکان سے سکیورٹی کی مد میں رقم جمع نہ کروانے پر تادیبی کارروائی سے روک دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے عالمگیر ترین سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزاروں کی جانب سے احمر بلال صوفی اور سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے،درخواست میں پاکستان کرکٹ بورڈ، چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو فریق بنایا گیا تھا۔
دوران سماعت پی سی بی وکیل نے موقف اپنایا کہ پی سی بی نے فرنچائزز مالکان کو میٹنگ کیلئے تئیس ستمبر کو بلایا تھا مگر وہ نہیں آئے جبکہ فرنچائزز مالکان نے پیسہ اسٹیڈیم سے نہیں براڈ کاسٹنگ کے ذریعے کمایا ہے۔تفضل رضوی نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے نشاندہی کی کہ درخواستگزار مالکان عدالت کے بجائے متعلقہ حکام سے بات کریں جبکہ سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان سے گارنٹی کی مد میں رقم طلبی کا نوٹس بھجوایا ہے،کورونا وبا کے وجہ سے تمام فرنچائزز اور پی ایس ایل کے میچز کینسل ہونے سے ان کی آمدنی بھی بری طرح متاثر ہوئی،درخواست گزاورں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پی سی بی کے اس اقدام سے فرنچائز کو مالی نقصان ہوگا۔
بعد ازاں عدالت نے پی سی بی کو تیس ستمبر تک جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے پی سی بی کو پی ایس ایل فرنچائززمالکان کے خلاف سیکیورٹی کی مد میں رقم جمع نہ کرانے پر تادیبی کارروائی سےروک دیا۔