شبلی فراز

سینیٹ میں روایات کے برعکس کمیٹیوں کا انتخاب ہوا ،شبلی فراز

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ سینیٹ میں روایات کے برعکس کمیٹیوں کو منتخب کیا گیا۔ منگل کو اسلام آباد میں سینیٹر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی پارلیمنٹ میں کچھ قوانین اور کچھ روایات کو فالو کیا جاتا ہے، بدقسمتی سے سینیٹ میں آج دو کمیٹیوں کا انتخاب کیا گیا وہ روایات کے برعکس ہوا ۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ روایات کے مطابق کمیٹیوں کی تقسیم حکومت اور اپوزیشن میں تقسیم ہوتی ہے، مگر یہاں معاملہ مختلف ہے، حکومت اپنی پسند کی کمیٹیاں اپنے پاس رکھ رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین بحال نہیں اسے بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے الیکشن میں حصہ اس لئے لیا تا کہ جمہوریت آئین کی بالادستی ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے روایات کی خلاف ورزی ہوئی ، ہمارے پاس سینیٹ کے اندر اور باہر احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں رہ گیا۔