سینیٹر رحمان ملک

سینیٹر رحمان ملک کا بے نظیر بھٹو کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے بے نظیر بھٹو کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم باپ کی عظیم بیٹی تھی جو دنیا میں عظیم رہنما کے طور پر ابھریں،ملک کی ترقی و خوشحالی اور خطے میں قیام امن ان کا خواب تھا اس عظیم مقصد کیلئے انہوں نے اپنی جان قربان کر دی ۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 67 ویں سالگرہ پر پارٹی کارکنان اور محترمہ کے چاہنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شہید بینظیر بھٹو ایک عظیم رہنما، ماں، بیوی اور اپنے ورکروں کیلئے ایک عظیم بہن تھیں،محترمہ جیسے نڈر، بہادر اور زیرک رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں،وہ ایک عظیم قائد، بہن، بیوی اور ماں کیساتھ ساتھ ایک عظیم استاد بھی تھیں،

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو کتابوں کا بہت شوق تھا اور اکثر مطالعے میں مصروف رہتی، عالمی رہنماوں سے ملاقاتوں کیلئے میں نے بطور سیاسی مشیر ان کے ساتھ دنیا بھر کا سفر کیا،وہ تمام براعظم اور ہر ملک میں بہت مشہور تھیں اور سربراہان ان سے مشورہ لیتے تھے،

محترمہ شہید جلاوطنی سے امن و خوشحالی کا پیغام لیکر پاکستان لوٹ گئیں،پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان انکا خواب تھا جو ملک دشمن نہیں چاہ رہے تھے،محترمہ شہید طاقتور خیالات کی حامل ایک طاقتور خاتون تھیں،بینظیر بھٹو شہید اپنے کارکنوں سے پیار کرتی تھی اور وہ مسکراتے ہوئے ہر کارکن سے ملتی تھیں،

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی شہادت سے پیدا شدہ خلا بلاول بھٹو زرداری ہی پر کر سکتا ہے،آج بلاول بھٹو زرداری میں وہ سب دیکھ رہا ہوں جو محترمہ شہید کی شخصیت میں پایا۔