سعید غنی 14

سیلانی کی خوبی یہ ہے ہر کام بہترین طریقے سے انجام دیتے ہیں،سعید غنی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیر برائے محنت و افرادی قوت اور سماجی تحفظ سعید غنی نے کہا ہے کہ وہ سیلانی کے بہت بڑے فین ہیں کیونکہ سیلانی کی خدمات کادائرہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کئی ممالک تک پھیلا ہوا ہیاور اس وجہ سے سیلانی کو پوری دنیا میں نمایاں شہرت ملی ہے۔سیلانی کی خوبی یہ ہے کہ یہ جس کام میں ہاتھ ڈالتے ہیں اسے بہترین طریقے سے انجام دیتے ہیں اور انہیں اللہ کی مدد بھی حاصل ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیلانی زیتون اشرف آئی ٹی پارک کے دورے کے موقع پر آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی کی آمد پر سیلانی ایجوکیشن بورڈ کے سربراہ افضل چامڑیہ اور سی او او محمد غزال نے ان کا خیر مقدم کیا۔ صوبائی وزیر کو زیتون اشرف آئی ٹی پارک میں موجود سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔ افضل چامڑیہ نے انہیں بریفنگ دی اور بتایا کہ سیلانی نے آئی ٹی کے میدان میں انقلابی اقدامات کیے ہیں اور ہمارے بچے فری لانسنگ سے ہزاروں ڈالر کما کر ملک کی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔

سعید غنی نے سیلانی کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ سیلانی کی خدمات سے اچھی طرح واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ کوئی بھی انسان اگر انسانیت کی بہتری کے لیے کام کرے گا تو اللہ تعالی خود اس طرح مدد کرتے ہیں کہ انسان حیران رہ جاتا ہے۔دنیا بہت آگے جارہی ہے اور اس کی وجہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کا میدان ہے جو سیلانی نے پہلے ہی شروع کرکے نوجوانوں کا رخ درست سمت اور مستقبل کی طرف موڑ دیا ہے۔مجھے امید ہے کہ پاکستان جلد اس دوڑ میں مکمل طور پر شامل ہوجائے گا۔ بعد ازاں معزز مہمان کو سیلانی کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں