سیلاب متاثرین 111

سیلاب متاثرین کی بحالی تک سکون کا سانس نہیں لیں گے، شرمیلا فاروقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے تمام اراکین اور مشینری دن رات سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں اور ہم ان کی بحالی تک سکون کا سانس نہیں لیں گے۔ یہ بات انہوں نے گلشن اقبال میں لموں گوٹھ بوائز سکینڈری اسکول میں قائم ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کمشنر ایسٹ رحمت اللہ شیخ، پاکستان پیپلز پارٹی ایسٹ کراچی کے صدر آصف خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ دورے کے موقع پر رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے سیلاب متاثرین خواتین سے ان کے مسائل معلوم کئے۔

ان میں کھانے کے پیکٹس، جوس اور دیگر اشیاء تقسیم کیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے بلکہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور خدمت کرنے کا وقت ہے، ہم سب کو مل کر ان کی بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ تمام دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے بارش و سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام کررہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انسان دوست تنظمیں اور مخیر حضرات آگے بڑھ کر لوگوں کی مدد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں