شیری رحمان 202

سیلاب زدہ علاقوں میں صحت کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے، شیری رحمان

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر برائے موسمیات شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں صحت کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ عالمی بینک نے سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو 40 ارب ڈالر کے نقصانات کا تخمینہ لگایا ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عالمی بینک نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے مزید 90 لاکھ لوگ غربت میں چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عالمی دنیا کو اپیل کر چکے ہیں کہ زمین پر نقصانات کا تخمینہ کہیں زیادہ ہے، گھروں، بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور فصلوں کو جو نقصان ہوا ہے اس کا تخمینہ کہیں زیادہ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ 18 ہفتوں سے قیمتی زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں اب صحت کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے، ڈینگی اور ملیریا کے ساتھ دیگر وبائی امراض بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ ابھی ہم نے سیلاب زدگان کو اپنی علاقوں میں واپسی کے ساتھ ان کی بحالی پر کام کرنا ہے، 7.9 ملین بے گھر لوگوں کی بحالی کیلئے ہمیں وسائل درکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی دنیا کو اس انسانی بحران کے وقت سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کیلئے آگے آنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں