لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب بھر میں سکولوں کے باہر سڑکوں پر زیبرا کراسنگ نہ ہونے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار عصمت اللہ نے ایڈووکیٹ رانا محمد سکندر کی وساطت سے یہ درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکولوں کے باہر زیبرا کراسنگ نصب کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے،
تقریباً 75 فیصد سکولوں کے باہر ابھی تک زیبرا کراسنگ موجود نہیں، جس کی وجہ سے طلبا کی حفاظت خطرے میں ہے اور ٹریفک کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سکولوں کے باہر فوری طور پر زیبرا کراسنگ بنانے کا حکم دیا جائے اور سکولوں کی اطراف کی سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کیلئے جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے تاکہ طلبا اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔









