ملک محمد احمد خاں 31

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے جرمنی کی سفیر اینا لیپل کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعلقات، صوبائی ترقی، پارلیمانی تعاون اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے جس نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب شفاف طرزِ حکمرانی، پائیدار ترقی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے دوطرفہ تعاون مزید گہرا کیا جا سکتا ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے تعلیم، صحت اور تکنیکی تربیت کے شعبوں میں جرمنی کی معاونت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی، آئی ٹی اور صنعتی شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان۔جرمنی کلائمیٹ پارٹنرشپ معاہدے کی جلد تکمیل دونوں ممالک کے مفاد میں ثابت ہوگی۔

اس موقع پر جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تعلیم، توانائی، ماحولیات اور ہنرمندی کی تربیت کے شعبوں میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے پارلیمانی سفارت کاری اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں جانب ادارہ جاتی سطح پر روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں