سردار ایاز صادق 36

سپیکر قومی اسمبلی کا بلوچستان میں 37 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےبلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 12 حملوں کو ناکام بنانے اور 37 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نےدہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 10 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جانوں کی قربانی دینے والے بہادر جوانوں پر قوم کو فخر ہے،ملک اور قوم کے دفاع کےلئے جانیں قربان کرنے والے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہداکے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے،شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشت گردی کی بیخ کنی کےلئے سکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم قابل ستائش ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں